جمعرات 22 اکتوبر 2026 - 20:07
اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو عام فہم اور مؤثر انداز میں پیش کیا جائے: آیت اللہ رجبی

حوزہ/ آیت اللہ محمود رجبی نے کہا ہے کہ اسلام اور اہل بیتؑ کی تعلیمات انسانی عقل اور فطرت کے مطابق ہیں، اسی لیے دنیا بھر میں ان کی طرف لوگوں کو راغب کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ دینی تعلیمات کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں آج کی زبان اور مناسب انداز میں لوگوں تک پہنچایا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مؤسسہ امام خمینیؒ کے سربراہ آیت اللہ محمود رجبی نے قم میں ادارۂ ثقافت و اسلامی روابط کے نمائندوں اور شہید صدر عالمی کانفرنس کی انتظامیہ سے ملاقات میں بین الاقوامی سطح پر اسلامی تعلیمات کی تبلیغ کی اہمیت پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک دینی اور ثقافتی سرگرمیوں کی کامیابی کا انحصار زیادہ تر اہل اور تجربہ کار افراد پر ہے۔ ایسے افراد جو اسلامی تعلیمات اور دوسرے ممالک کی ثقافت سے واقف ہوں، وہ بہتر انداز میں اسلام اور انقلاب اسلامی کا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔ اس کے برعکس، غیر تربیت یافتہ افراد کی وجہ سے اچھے مواقع بھی ضائع ہو سکتے ہیں۔

آیت اللہ رجبی نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک ثقافتی نمائندوں کی تربیت کے لیے باقاعدہ تعلیمی اور عملی تربیتی پروگرام ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق، متعلقہ ممالک کے حالات اور ثقافتی ضروریات کا پہلے سے مطالعہ کیا جائے تاکہ تبلیغی سرگرمیاں بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کتابیں اور دیگر علمی آثار تیار کرنا کافی نہیں، بلکہ اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب ان کا پیغام لوگوں کے دل و دماغ تک پہنچے۔ اس لیے کم تعداد میں معیاری، مضبوط اور مستند کتابیں تیار کرنا بڑی تعداد میں کمزور کتابیں شائع کرنے سے زیادہ مفید ہے۔

آیت اللہ رجبی نے علامہ مصباح یزدیؒ کے اس منصوبے کا بھی ذکر کیا جس کا مقصد اسلام اور مکتب اہل بیتؑ کی تعلیمات کو مختلف طبقوں اور مذاہب کے لوگوں کے لیے مناسب انداز میں پیش کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر دوبارہ توجہ دینے اور اسے عملی شکل دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مؤسسہ امام خمینیؒ کی علمی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں اسلامی علوم، فلسفہ اور اسلامی نقطۂ نظر سے انسانی علوم کے موضوعات پر اہم کتابیں تیار کی گئی ہیں۔ ان میں بعض کتابوں کے عربی اور انگریزی تراجم بھی بین الاقوامی علمی حلقوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

آیت اللہ رجبی نے مزید کہا کہ قرآن اور اہل بیتؑ کی تعلیمات میں ایسے علمی نکات موجود ہیں جن سے آج کی دنیا بھی فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ ان تعلیمات سے استفادہ علمی ترقی، اسلامی معاشرے کے مسائل کے حل اور امت مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔

آخر میں انہوں نے شہید آیت اللہ سید محمد باقر صدرؒ کو ایک ممتاز مفکر اور نظریہ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مؤسسہ امام خمینیؒ، ادارۂ ثقافت و اسلامی روابط کے ساتھ تعاون اور اسلامی معارف کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha